انتخابات ملتوی نہیں ہونے دیں گے ،عوام جانتے ہیں کہ میرے ساتھ ظلم ہو رہا ہے :نواز شریف

by

فیصل آباد : پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد اور سابق وزیر اعظم  نواز شریف نے کہا ہے کہ عوام جانتے ہیں کہ میرے ساتھ ظلم و زیادتی ہو رہی ہے،شہباز شریف نے پنجاب کو ترقی دی ہے جبکہ خیبر پختونخوا میں عوام عمران خان کو کوس رہے ہیں،اب مخالف پارٹیاں ڈر رہی ہیں کہ انتخابات میں ان کو شکست ہوگی ،ہم انتخابات کو ملتوی نہیں ہونے دیں گے ۔

تفصیلات کے مطابق فیصل آباد کے علاقے میانی میں جلسہ سے خطاب کرتے ہوئےسابق وزیر اعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ میں آج 80ویں پیشی بھگت کر آرہا ہوں اور آج میں سوچ رہا تھا کہ نواز شریف تم نے اتنی پیشیاں اس لئے بھگتی ہیں کہ تمیں پاکستان کے عوام نے وزیر اعظم بنایا تھا ، نواز شریف نے لوڈ شیڈنگ کو ختم کیا ، دہشت گردی کو ختم کیا اس لئے نواز شریف پر مقدمے بنے ۔ انہوں نے کہا کہ میں نے ایٹمی دھماکے کئے تھے، کہاں ہے کرپشن ؟ کونسی کرپشن ؟ ایک دھیلے کی کرپشن ہے تو بتاﺅ ، عوام جانتے ہیں کہ میرے ساتھ ظلم و زیادتی ہو رہی ہے ، آج موٹر وے بنی ہوئی ہے ، بہتریں سڑکیں بنی ہوئی ہیں ، کھادیں کتنی سستی ہوگئیں تھیں اور پاکستان خوشحالی کی طرف بڑھ رہا تھا کہ میرے خلاف فیصلہ سنا دیا گیا کہ میں نے اپنے بیٹے سے تنخواہ نہیں لی ۔ انہوں نے کہا عوام اس فیصلے کو واپس کرائیں اورعوام کا ووٹ اس فیصلے کو واپس کروا سکتا ہے ، میرا عوام کے ماتھے چومنے کو دل کرتا ہے کہ وہ اس شدید گرمی میں میرے سامنے کھڑے ہیں۔انہوں نے کہا کہ نواز شریف کو پاکستان کی خدمت کی سزا دی جارہی ہے عوام جانتے ہیں کہ نواز شریف کے ساتھ ظلم اور زیادتی ہو رہی ہے ، شہباز شریف نے پنجاب کو ترقی دی ہے جبکہ خیبر پختونخوا میں عوام عمران خان کو کوس رہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ آج اخباروں میں لکھا ہوا تھا کہ وزیر اعظم اور وزیر اعلیٰ پنجاب روز ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح کرتے رہے ہیں لیکن کے پی کے میں کوئی منصوبہ ہی نہیں جس کا افتتاح کیا جا سکے ۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں مسلم لیگ ن کی حکومت کو ختم کیا گیا اور اب کہا جارہا ہے کہ وہاں الیکشن ملتوی کئے جائیں لیکن ہم انتخابات کو ملتوی نہیں ہونے دیں گے ، الیکشن میں ایک دن تو دور کی بات ایک گھنٹے کی تاخیر نہیں ہونی چاہئے ، قوم بلوچستان اسمبلی کی قرارداد کو مسترد کردتی ہے،عوام جانتی ہے کہ الیکشن ہوگا تو مسلم لیگ ن ہی الیکشن میں کامیاب ہوگی، اب مخالف پارٹیاں ڈر رہی ہیں کہ انتخابات میں ان کو شکست ہوگی۔انہوں نے کہا کہ نواز شریف جب کوئی وعد ہ کرتا ہے تو پورا کرتا ہے ،آج لوڈ شیڈنگ ختم اور دہشت گردی کو نیست و نابو د کردیا ہے،عوام کو روز گار مل رہا تھا لیکن اس فیصلے نے پاکستان کی ترقی اورمعیشت کو بہت نقصان پہنچایا ہے ۔انہوں نے کہا کہ اگر مسلم لیگ ن کی حکومت دوبارہ آئی تو نوجوانوں کو روز گار ملے گا ، ر ہنے کیلئے گھر ملے گااور انصاف کا بول بالا ہوگا لیکن یہ ووٹ کو عزت دینے سے ہوگا ، اس ملک کی بدقسمتی ہے کہ پچھلے 70سال سے ووٹ کو عزت نہیں ملی لیکن اب عزت ملے گی ۔

Please follow and like us:

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *